ملک اشرف: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمے کے اخراج کی درخواست پر سماعت، لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم کےمعاون خصوصی شہباز گل کو 15 مارچ کو طلب کر لیا۔
جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے 15 مارچ کو شہباز گل کی طلبی کا حکم نامہ جاری کیا ، جسٹس ملک شہزاد احمد نے طاہر مبین سمیت دیگر کی درخواستوں پرتحریری حکم جاری کیا۔درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیاگیا ہے کہ شہباز گل نے سیاسی اثرو رسوخ استعمال کر کے تھانہ اسلام پورہ میں مقدمہ درج کرایا ہے۔
شہباز گل نے جعلی دستاویزات تیار کرنے اور فراڈ کے الزام میں مقدمہ درج کروایا۔ شہباز گل کی جانب سے درج کرایا گیا مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے ۔درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت شہباز گل کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمے کو خارج کرنے کا حکم دے ۔ شہباز گل کے خلاف نجی کمپنی کا ہتک عزت کا دعویٰ بھی سیشن عدالت میں زیر سماعت ہے۔