ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

برگر کا لالچ دے کر خاتون کو زیادتی کے بعد زندہ جلانے والے مجرم کی سزائے موت برقرار

برگر کا لالچ دے کر خاتون کو زیادتی کے بعد زندہ جلانے والے مجرم کی سزائے موت برقرار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ نے برگر کھلانے کے بہانے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے اور بعد ازاں زندہ جلانے والے مجرم احمد علی کی سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیا باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے 14 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے قتل ریفرنس بھی منظور کر لیا اور سزائے موت کی توثیق کر دی۔ فیصلے کے وقت ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل ہارون الرشید بھی عدالت میں موجود تھے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں مقتولہ کے ڈائنگ ڈیکلریشن کو مضبوط اور قابل اعتماد ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقتولہ نے اپنے تمام بیانات میں ملزم احمد علی کو ہی نامزد کیا۔ فیصلے کے مطابق فرانزک ڈی این اے رپورٹ نے بھی ملزم کے خلاف اہم اور ناقابل تردید شواہد فراہم کیے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ فرانزک رپورٹ کے مطابق مقتولہ سے حاصل کیے گئے نمونوں میں ملزم کا ڈی این اے پایا گیا، جبکہ پٹرول سے بھری بوتل اور موٹر سائیکل کی برآمدگی بھی استغاثہ کے مؤقف کے حق میں گئی۔

لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ ریکارڈ اور فرانزک شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ ملزم نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد آگ لگا دی تھی۔ مقتولہ تقریباً ڈیڑھ ماہ تک زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی شدت کے باعث دم توڑ گئی تھی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ استغاثہ نے ملزم کے خلاف جرم ہر قسم کے شک سے بالاتر ہو کر ثابت کیا ہے اور ایسے سنگین جرم میں ملوث شخص کسی رعایت کا مستحق نہیں۔ عدالت نے مجرم کی اپیل خارج کرتے ہوئے سزائے موت برقرار رکھی۔