وقاص احمد: اکبری گیٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین رکنی متحرک چور گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں چوری کی وارداتوں میں ملوث تھے۔
ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق گرفتار ملزمان میں احسان، قمر امین اور وفا شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان مل کر چوری کی وارداتیں کرتے، بعد ازاں مال مسروقہ آپس میں تقسیم کر کے کم قیمت پر فروخت کر دیتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دوران واردات ملزمان چوری شدہ موٹر سائیکل اور اسلحہ بھی استعمال کرتے تھے۔ ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان لاہور کے مختلف مقامات پر متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، موٹر سائیکل اور ایل سی ڈی برآمد کر لی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔