شہبازعلی: گلبرگ کے مختلف علاقوں میں کئی گھنٹوں سے جاری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں جناح پارک، خان کالونی، فتح آباد، برج کالونی، سینٹ جان پارک، حسنین آباد، قاسم پورہ اور ملحقہ علاقے شامل ہیں، جہاں بجلی کی فراہمی پانچ گھنٹے سے زائد عرصے سے معطل بتائی جا رہی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق بجلی کی بندش کے باعث گھریلو معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں جبکہ شدید گرمی میں بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ ادارے کو شکایات درج کروانے کے باوجود بجلی بحال نہیں کی جا رہی۔
مکینوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی جلد از جلد بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے تاکہ عوام کو مزید پریشانی سے بچایا جا سکے۔
دوسری جانب متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال بجلی کی بندش کی وجہ یا بحالی کے وقت کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔