سٹی 42 : محکمہ صحت بلوچستان نے متعدد نوٹسز اور مہلت کے باوجود حاضری یقینی نہ بنانے پر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل ملازمین کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری فرائض سے مسلسل غیر حاضری پر 18 ڈاکٹرز کو برطرف کر دیا گیا، متعدد نوٹسز اور مہلت کے باوجود حاضری یقینی نہ بنانے پر برطرفی کی گئی۔
محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی برطرفی محکمہ جاتی قواعد و ضوابط کے مطابق کی گئی، برطرف کیے گئے ڈاکٹر مختلف اضلاع کے سرکاری اسپتالوں میں تعینات تھے۔ اس کے علاوہ غیر حاضر پیرا میڈیکل اسٹاف کے 6 ملازمین کی برطرفی کی سفارش بھی کی گئی ہے، ان میں کوئٹہ کے مختلف مراکز صحت سے تعلق رکھنے والے 6 پیرا میڈیکل ملازمین شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ ملازمین کی تنخواہیں دسمبر 2024 سے بند، متعدد یاد دہانیوں کے باوجود ڈیوٹی پر نہ آئے۔ کیسز محکمہ جاتی کارروائی کے لیے ڈی جی ہیلتھ سروسز کو ارسال کر دیے گئے ۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت میں نظم و ضبط اور جوابدہی کے عمل کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے، فرائض سے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں غیر ذمہ دار عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں ۔
بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، محکمہ صحت میں نظم و نسق کی بحالی ناگزیر ہو چکی ہے، کارروائی کا مقصد نظام میں شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دینا ہے، اصلاحاتی اقدامات پر عملدرآمد ہر سطح پر یقینی بنایا جا رہا ہے ۔