وقاص احمد:لاہور پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے آن لائن ٹیکسی ڈرائیورز اور شہریوں سے وارداتیں کرنے والے ریکارڈ یافتہ ملزم کو گرفتار کر لیا، جو چلڈرن ہسپتال آنے والے افراد کو بھی متعدد بار نشانہ بنا چکا تھا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق چوکی چلڈرن ہسپتال پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو ٹریس کرتے ہوئے چلڈرن ہسپتال کے قریب سے گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم مختلف اوقات میں چلڈرن ہسپتال آنے کے بہانے آن لائن ٹیکسی بک کرتا تھا۔ مطلوبہ مقام پر پہنچنے کے بعد وہ کال کرنے کا بہانہ بنا کر ڈرائیور کا موبائل فون لے لیتا اور موقع سے فرار ہو جاتا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزم صرف آن لائن ٹیکسی ڈرائیورز ہی نہیں بلکہ چلڈرن ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے لواحقین سے بھی چوری کی متعدد وارداتیں کر چکا ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے بتایا کہ گرفتار ملزم چوری، ڈکیتی اور دیگر مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے، جبکہ اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔