وقاص احمد: ٹریفک پولیس نے ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ویلر گینگ کے دو سرگرم ارکان سمیت نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اسجد اور علی حسن کے نام سے ہوئی ہے، جو غازی روڈ پر مسجد چوک، ڈیفنس کے قریب ون ویلنگ اور خطرناک کرتب دکھا رہے تھے۔ اطلاع ملتے ہی ٹریفک ریسپانس ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران نشے کی حالت میں انتہائی خطرناک، غفلت اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے والے ایک اور ڈرائیور کو بھی حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار تینوں ملزمان کے خلاف تھانہ ڈیفنس اے میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔
لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور ون ویلنگ یا خطرناک ڈرائیونگ جیسے جان لیوا اقدامات سے گریز کریں۔