سٹی42: لاہور میں موسم ایک بار پھر کروٹ بدلنے لگا ، شہر میں بارشوں کے نئے اسپیل کا آغاز ہو چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے جو 16 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہیں۔
موسم کی تازہ صورتحال کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ متوقع درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد ہے جبکہ ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
بارش کے باوجود فضائی آلودگی کی صورتحال میں واضح بہتری نہ آ سکی۔ائیر کوالٹی انڈیکس (AQI)157 ریکارڈ کیا گیا، جو کہ صحت کے لیے نقصان دہ زمرے میں آتا ہے۔
محکمہ موسمیات اور ماحولیاتی اداروں نے شہریوں کو غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر سانس یا دل کے مریضوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب بارشوں کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک سست روی کا سامنا بھی متوقع ہے، شہریوں کو سفر سے قبل ٹریفک ایپ یا ریڈیو سے صورتحال معلوم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔