خان شہزاد:ملک بھر میں رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھنا شروع ہو گیا ہے، تاہم شہری بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے منتظر ہیں۔
اوپن مارکیٹ میں آٹے کے سوا تقریباً تمام اشیاء کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق معیاری چاول 400 سے 620 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ درجہ اول کا گھی اور کوکنگ آئل 590 سے 610 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ درجہ دوم کا گھی 520 روپے کلو اور آئل 540 روپے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت 170 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جبکہ دودھ، دہی اور گوشت بھی سرکاری نرخوں پر دستیاب نہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان سے قبل انتظامیہ کو قیمتوں میں استحکام یقینی بنانا چاہیے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ گراں فروشی کے خلاف مؤثر کارروائی کرے اور سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم ہو سکے۔