عمران یونس:پنجاب یونیورسٹی نے افسران، ملازمین، اساتذہ اور طلباء کو انڈرائیڈ موبائل فون کا تازہ ترین ورژن انسٹال کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے, یہ ہدایات سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر جاری کی گئی ہیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق یہ مراسلہ نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی ہدایت پر جاری کیا گیا۔ نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے باضابطہ مراسلے میں خبردار کیا ہے کہ پرانے انڈرائیڈ ورژنز میں متعدد سیکیورٹی خامیاں موجود ہیں۔
مراسلے کے مطابق Google نے انڈرائیڈ کے پرانے ورژن میں 107 سیکیورٹی تھریٹس کی نشاندہی کی ہے، جو صارفین کے ڈیٹا اور پرائیویسی کیلئے خطرہ بن سکتی ہیں۔
تمام صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر انڈرائیڈ کا نیا ورژن ڈاؤن لوڈ اور انسٹال کریں, ساتھ ہی Google Play Protect کو فعال رکھنے اور غیر بھروسہ مند ایپس انسٹال کرنے سے گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایپس صرف Google Play Store سے تصدیق شدہ ذرائع کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کی جائیں تاکہ سیکیورٹی خطرات سے محفوظ رہا جا سکے۔