ویب ڈیسک : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اپنے دورے کے دوران صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو ایک خوبصورت تحفہ دیا ہے۔
دورہ پاکستان پر تشریف لانے والے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے صدر اور وزیراعظم کو ترک ساختہ الیکٹرک وہیکل تحفے میں دی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر طیب اردوان کے ہمراہ الیکٹرک گاڑی ڈرائیو بھی کی۔
ایوان صدر آمد پر صدر آصف علی زرداری نے ترک ہم منصب کا شاندار استقبال کیا، اس موقع پر صدر رجب طیب اردوان، ترک خاتون اول اور وفد کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں صدور تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا، تجارت، معیشت، توانائی، دفاع، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون مزید بہتر بنانے کا عزم کیا گیا۔
صدر آصف زرداری نے اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ صدر اردوان کا دورہ پاکستانی عوام کےلیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے، ترک صدر کے دورے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کےلیے سازگار ماحول ہے، پاکستان ترکیہ کے کاروباری اداروں کی مزید سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔