ویب ڈیسک : کئی سال پہلے ریلیز ہونے والی بالی وڈ کی فلم ”صنم تیری قسم“ نے ان دنوں سینماؤں میں کامیابی کے تمام ریکارڈز توڑ دیے ہیں۔
بالی وڈ اداکار ہرش وردھن رانے اور پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کی 8 سال پہلے 2016 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ ڈیبیو فلم ”صنم تیری قسم“ پہلے اتنا بزنس نہیں کرسکی، تاہم اب اس فلم نے 7 فروری 2025 کو سینما گھروں میں دوبارہ ری ریلیز ہوکر 5 دنوں کے اندر 25.16 کروڑ روپے کما کر ہمیش ریشمیا کی فلم ’بی آر‘ اور ’لویاپا‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اس فلم کے اس قدر ہِٹ ہونے کے پیچھے سوشل میڈیا کا کردار بہت اہم ہے، جدید دور میں نوجوان نسل ایسی ویڈیوز کو زیادہ پسند کرتی ہے جس میں پیار محبت اور رومانس ہو، چونکہ اس فلم کی کہانی بھی کچھ ان تینوں مواد کو جوڑ کربنائی گئی ہے، جس میں ایک عام سی لڑکی اور ایک بگڑے ہوئے لڑکے کی محبت دکھائی گئی ہے، یہ وجہ بھی ہے کہ یہ فلم نوجوان نسل میں سوشل میڈیا جیسے فیس بک اور انسٹا پر لگنے والی چھوٹی چھوٹی ویڈیوز کی وجہ سے بھی مقبول ہو گئی ہے۔
میڈیا کے مطابق ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ یہ فلم 2016 میں 5 فروری کو ریلیز ہوئی تھی اور اس بار 2025 میں یہ فلم 7 فروری کو عین ماورا حسین کی شادی کے دن ریلیز کی گئی ہے، اور یہ دن فلم اور خود ماورا حسین کے لیے بڑا دن بن گیا ہے۔
14 کروڑ روپے کے بجٹ سے بننے والی یہ فلم اپنی ابتدائی ریلیز کے موقع پر ناظرین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی جو باکس آفس پر صرف 9.1 کروڑ کا بزنس کرکے فلاپ ہوگئی ، تاہم فلم نے دوبارہ ریلیز کے ساتھ باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے اور ری ریلیز کے صرف پانچ دنوں میں ہی 25کروڑ روپے سے زائد کا ہندسہ عبور کرلیا ہے۔