سٹی42: پی ایس ایل سیزن 9 کیلئے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی،تین اضلاع میں مجموعی طور پر 17ہزار176پولیس اہلکارڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ لاہور میں6 ہزار936 ،ملتان میں 5700 ،راولپنڈی میں 4538 اہلکارتعینات ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کے ساتھ فوج کی تین کمپنیاں بھی پی ایس ایل 9 کی سکیورٹی پر مامور ہوں گی۔تینوں اضلاع میں ٹریفک کی روانی کیلئے دیگر اضلاع میں اضافی نفری طلب کی جائے گی،ٹیموں کی نقل وحرکت اور میچز کے دوران جیمرز کی تنصیب بھی کی جائے گی۔پی ایس ایل کے روٹس کی فضائی نگرانی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے کی جائے گی،سیف سٹیز کے کیمروں سے ایونٹ کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ ہوگی اور کرکٹ ٹیموں کے روٹس اور سٹیڈیم میں اضافی کیمرے نصب کئے جائینگے۔
دوسری جانب موبائل کمانڈ وین ،پیرو کی گاڑیاں بھی کیمروں کیساتھ متحرک ہوں گی۔روٹس پر20 ڈولفن اور 20 ایلیٹ فورس کی ٹیمیں پٹرولنگ کریں گی اور پی ایس ایل میں شامل کرکٹ ٹیموں کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا جائے گا۔