سٹی 4 : شہر لاہور میں موٹر سائیکل چرانے اور اسلحہ کی نوک پر چھیننے کی وارداتیں بدستور جاری ہیں، پولیس ریکارڈ سے معلوم ہوا ہے کہ رواں سال کے دوران 401 موٹر سائیکلیں گن پوائنٹ پر چھین لی گئیں، جبکہ 9478 موٹر سائیکلیں چور لے اڑے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں صدر ڈویژن 104 مقدمات کے ساتھ سر فہرست رہا، ماڈل ٹاؤن ڈویژن موٹر سائیکل چھیننے کی 96 وارداتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ سٹی ڈویژن موٹر سائیکل چھیننے کے 76 مقدمات کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ اسکے علاوہ کینٹ ڈویژن سے 72، سول لائنز ڈویژن سے 27 موٹر سائیکلیں اسلحہ کی نوک پر چھینی گئیں، جبکہ اقبال ٹاؤن ڈویژن میں گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل چھیننے کے 26 مقدمات درج ہوئے۔
پولیس ریکارڈ میں لکھا گیا ہے کہ موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ماڈل ٹاؤن ڈویژن 1896 مقدمات کے ساتھ سر فہرست رہا، کینٹ ڈویژن موٹر سائیکل چوری کی 1872 وارداتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ صدر ڈویژن موٹر سائیکل چوری کے 1856 مقدمات کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ اسکے علاوہ سٹی ڈویژن سے 1610، اقبال ٹاؤن ڈویژن سے 1202 موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں، جبکہ سول لائنز ڈویژن میں رواں سال کے دوران موٹر سائیکل چوری کے 1042 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔