( عابد چوہدری ) ٹریفک پولیس نے دھواں چھوڑنے والی 38 ہزار سے زائد گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 86 لاکھ دس ہزار کے جرمانے کردیئے۔
چیف ٹریفک آفیسر سید حماد عابد کے مطابق مضر صحت دھواں اور سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف آپریشن میں تیزی لائی گئی ہے۔ سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کو 86 لاکھ 10 ہزار کے جرمانے کئے جاچکے ہیں۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ سپشل مہم کے تحت 767 گاڑیوں کو دو، دو ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے جبکہ دیگرگاڑیوں کو پانچ سو کا چالان جاری کیا گیا اور112 گاڑیوں کو تین روز کے لئے تھانوں میں بند کروا دیا گیا۔
سی ٹی او سید حماد عابد کا کہنا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس، محکمہ ماحولیات اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کہ روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آگاہی اوراحتیاطی تدابیر اپنانے سے سموگ کے اثرات کم ہورہے ہیں اورگاڑیوں سے نکلنے والا مضر صحت دھواں سموگ کا باعث رہا ہے۔