( سٹی 42 ) پی ڈی ایم کا مینار پاکستان پر جلسہ، پنڈال میں کارکنوں کا جوش دیدنی، پارٹی پرچموں کی بہار، کارکنوں کی قافلوں اور ریلیوں کی صورت میں آمد جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی تحریک کے پہلے مرحلے کا آخری جلسہ آج مینار پاکستان پر ہورہا ہے۔ مریم نواز، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر پارٹی رہنما سٹیج پر موجود ہیں۔ پنڈال میں کارکنوں کا جوش دیدنی ہے، ہر طرف پارٹی پرچموں کی بہار ہے۔ کارکنان کی جانب سے حکومت مخالف نعروں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ قافلوں اور ریلیوں کی آمد بھی جاری ہے۔
بلاول ہاؤس میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں جلسے کی حکمت عملی طے کی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ حکومت سے اب صرف استعفیٰ لیا جائے گا۔ عوامی رابطہ مہم سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہم اپنے سخت ترین مخالفین کے ساتھ مل کر پاکستان میں جمہوریت کے لیے فیصلہ کن جدوجہد کر رہے ہیں۔
دوسری جانب شہر کی تاجر برادری نے بھی اپنا رنگ جمایا ہے۔ اندرون لاہور، شمالی لاہور کی مارکیٹوں کی ریلیوں کی قیادت سینئر تاجرقائدین عامر صدیق چودھری اور میاں عثمان نے کی۔ تاجر ریلیوں میں ہزاروں تاجران شریک ہوئے جنہوں نے ہاتھوں میں مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی جماعتوں کے پرچم تھام رکھے تھے۔
تاجروں نے لیگی قیادت اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کے حق میں نعرے بازی کی۔ تاجر قائدین میان عثمان اور عامر صدیق چودھری نے کہا کہ کٹھ پتلی اور نااہل، نکمی سرکار کو گرانے اور گھر واپس بھیجنے کیلئے شہر کی تاجر برادری بھی بڑی تعداد میں نکلی انہوں نے کہا کہ آج شہر کی تاجر برادری نے ثابت کردیا کہ لاہور مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے۔