ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بابراعظم نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے آؤٹ

بابراعظم نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے آؤٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (سٹی 42) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ بابراعظم اپنے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہونے کی وجہ سے سیریز سےآؤٹ ہوئے ہیں۔

اتوار کے روز کوئنز ٹاؤن میں نیٹ سیشن میں تھرو ڈاؤن کے دوران ایک گیند بابراعظم کے دائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر لگی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایاگیا، قریبی ہسپتال میں کرائے گئے ایکسرے میں تشخیص ہوئی ہے کہ بابراعظم کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہوگیا ہے۔ بابراعظم کم از کم 12 روز تک نیٹ پریکٹس نہیں کرسکتے تاہم وہ اس دوران اپنی فزیکل ٹریننگ جاری رکھیں گے۔ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کا میڈیکل پینل بابراعظم کی انجری کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا ۔

انجری کے سبب بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچز 18، 20 اور 22 دسمبر کو کھیلے جانے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان شاہینز کے اوپنر امام الحق نیوزی لینڈ اے کے خلاف واحد چار روزہ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ امام الحق اپنے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر گیند لگنے کی وجہ سے میچ سے آؤٹ ہوئے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر کو کوئنز ٹاؤن میں جاری دو روزہ انٹرا اسکواڈ میچ میں بیٹنگ سے قبل نیٹ سیشن میں گیند لگی، جس کے بعد انہیں ایکسرے کے لیے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر کی تشخیص ہوئی ہے۔ امام الحق انجری کے باعث 17دسمبر سےنیوزی لینڈ اے کے خلاف وانگرائے میں شروع ہونے والے واحد چار روزہ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ امام الحق کم از کم 12 روز تک بیٹنگ پریکٹس نہیں کرسکتے تاہم وہ اس دوران اپنی فزیکل ٹریننگ جاری رکھیں گے۔ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کا میڈیکل پینل امام الحق کی انجری کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا ۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے ماؤنٹ مونگنوئی میں شروع ہوگا۔ آل راؤنڈر شاداب خان بھی اپنی ٹانگ میں کھیچاؤ محسوس کررہے ہیں، لہٰذا انہوں نے اتوار کو نیٹ میں باؤلنگ پریکٹس کی بجائے ہلکی بیٹنگ پریکٹس اور فزیکل ٹریننگ کی ہے۔    قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ انجریز کسی بھی پروفیشنل اسپورٹس کا حصہ ہیں، بابر اعظم جیسے باصلاحیت کھلاڑی کا انجری کے سبب ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز سے آؤٹ ہونا بہت مایوس کن ہے تاہم یہ اسکواڈ میں شامل دیگر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا ایک بہترین موقع ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ بات کی ہے ،وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے آؤٹ ہونے پر بہت افسردہ ہیں کیونکہ وہ مکمل فوکس اورٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے آغاز کے منتظر تھے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ابھی آگے بہت کرکٹ کھیلنی ہے اور ہم پرامید ہیں کہ وہ جلد فٹ ہوکر دوبار ہ کرکٹ میں واپس آجائیں گے۔ مصباح الحق نے کہا کہ میڈیکل ٹیم شاداب خان کی انجری کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور ہم پر امید ہیں کہ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریزکے لیے ہمیں دستیاب ہوں گےتاہم ہم اس حوالے سےفیصلہ کرتے ہوئے کوئی خطرہ مول نہیں لیں گے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم: شاداب خان (کپتان) ، عبداللہ شفیق ، فہیم اشرف ، حیدر علی ، حارث رؤف ، حسین طلعت ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، خوشدل شاہ ، محمد حفیظ ، محمد حسنین ، محمد رضوان ، موسیٰ خان ، سرفراز احمد ، شاہین شاہ آفریدی ، عثمان قادر اور وہاب ریاض۔ بابر اعظم  کی غیر موجودگی میں شاداب خان ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گےتاہم شاداب خان بِھی پوری طرح فٹ نہیں ہیں۔ 

Malik Sultan Awan

Content Writer