علی رامے: پنجاب حکومت نے سرکاری محکموں میں نئی بھرتیوں کے لیے پیشگی این او سی لازمی قرار دے دیا، کسی بھی خالی آسامی پر بھرتی سے قبل ایس اینڈ جی اے ڈی کے پرسنل ونگ سے اجازت لینا ہوگی۔
محکموں کو نئی بھرتی سے پہلے اپنا ریکروٹمنٹ پلان پرسنل ونگ کے ساتھ شیئر کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، جبکہ سرپلس پول میں موجود ملازمین کو خالی آسامیوں پر ترجیحی بنیادوں پر ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
حکومتی احکامات کے مطابق نئی بھرتی سے پہلے یہ دیکھا جائے گا کہ متعلقہ پوسٹ پر سرپلس سرکاری ملازم کو تعینات کیا جاسکتا ہے یا نہیں۔ انتظامی محکمے، ماتحت ادارے اور خودمختار ادارے بھی پیشگی این او سی کے پابند ہوں گے۔
پرسنل ونگ کی اجازت کے بغیر کسی محکمے کو نئی بھرتی کا عمل شروع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سرپلس پول میں مختلف کیڈرز کے ملازمین کی موجودگی کے باعث نئی بھرتیوں کا طریقہ کار مزید سخت کردیا گیا ہے۔
تمام انتظامی سیکرٹریز کو نئی بھرتیوں سے متعلق احکامات پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کردی گئی، جبکہ احکامات کی کاپی چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن سمیت متعلقہ حکام کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔