عثمان خادم:محلہ رسول پارک، کچا جیل روڈ میں سیوریج کا نظام درہم برہم ہونے کے باعث گلیاں گندے پانی سے بھر گئی ہیں اور جوہڑ کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔
گٹر ابلنے سے سیوریج کا گندا پانی گلیوں میں جمع ہونے کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ آمدورفت متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ تعفن اور گندگی نے شہریوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سیوریج کے گندے پانی کے باعث جراثیم اور مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے، جبکہ بچوں، بزرگوں اور راہگیروں کو خاص طور پر مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
اہلِ علاقہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سیوریج کے مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے گٹروں کی صفائی اور نکاسیٔ آب کا مؤثر انتظام کیا جائے تاکہ شہریوں کو اس اذیت سے نجات مل سکے۔