راؤدلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پاکپتن کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں فاروق احمد مانیکا، چودھری جاوید احمد، عمران اکرم اور سردار منصب علی ڈوگر شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران پاکپتن کے عوامی مسائل، ضروریات اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے پاکپتن میں اربن اور رورل ڈویلپمنٹ سے متعلق مختلف تجاویز وزیراعلیٰ کے سامنے پیش کیں۔
ارکان اسمبلی نے پاکپتن میں الیکٹرو بس سروس کے اجراء اور دیگر ترقیاتی منصوبے شروع کرانے پر وزیراعلیٰ مریم نواز سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے الیکٹرو بس منصوبے کو دہائی کا گیم چینجر منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکپتن میں 15 الیکٹرو بسیں عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں، جبکہ ای بسیں شہر کے 3 بڑے روٹس پر شہریوں کے لیے آسانی اور سہولت کا باعث بن رہی ہیں۔
ارکان اسمبلی نے پاکپتن شہر کی بیوٹیفکیشن پر وزیراعلیٰ مریم نواز اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ارکان اسمبلی کو جاری پراجیکٹس کے معیار، رفتار اور شفافیت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکپتن سمیت ہر شہر اور گاؤں کی ترقی اور بہتری ہمارا نصب العین ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ برسوں سے نظر انداز رہنے والا پاکپتن بھی ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔ ہر شہر اور ہر علاقے کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی خود مانیٹرنگ کر رہی ہوں۔ پنجاب کو بہتر سے بہترین صوبہ بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔