ویب ڈیسک : پنجاب میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے نئے دور کا آغاز ہو گیا، میانوالی میں الیکٹرک بسیں چلانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پہلے مرحلہ میں 15 الیکٹرک بسیں میانوالی پہنچا دی گئیں۔ میانوالی میں 15 ستمبر کو الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کیا جائے گا۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ میانوالی کے عوام کو چند دن بعد جدید الیکٹرک بسوں کا تحفہ دینے جا رہے ہیں، لاہور کے بعد اب پنجاب کے تمام اضلاع میں الیکٹرک بسیں چلیں گی، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جدید ترین ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کا ایک اور وعدہ پورا کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ میانوالی کے بعد وزیر آباد اور پھر مرحلہ وار تمام اضلاع میں بس سروس کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ الیکٹرک بسیں تمام متعلقہ اضلاع میں پہنچائی جا رہی ہیں۔ لاہور سے 27 الیکٹرک بسوں سے شروع ہونے والا منصوبہ ہر جگہ اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑے گا، 1100 الیکٹرک بسوں سے لاکھوں لوگوں کو جدید، سستی اور بہترین سفری سہولیات حاصل ہوں گی۔