ویب ڈیسک:اکیڈمی ایوارڈ یافتہ امریکی اداکارہ ڈیان کیٹن 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ امریکی جریدے پیپل کے مطابق ان کا انتقال کیلیفورنیا میں ہوا۔ اداکارہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اہلِ خانہ نے اس دکھ کی گھڑی میں رازداری کی درخواست کی ہے۔
ڈیان کیٹن کے قریبی دوست نے بتایا کہ وہ زندگی کے آخری لمحات تک خوش مزاج، بااصول اور بھرپور شخصیت کی مالک تھیں۔ انہوں نے ہمیشہ اپنی زندگی اپنے اصولوں کے مطابق گزاری۔ڈیان کیٹن کا اصل نام ڈیان ہال تھا۔ وہ 1946 میں لاس اینجلس میں پیدا ہوئیں اور چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھیں۔ والد سول انجینئر جبکہ والدہ ایک گھریلو خاتون تھیں جن کے فن سے لگاؤ نے ڈیان کی شخصیت پر گہرا اثر ڈالا۔
انہوں نے 1960 کی دہائی کے آخر میں اداکاری کا آغاز کیا، تاہم 1972 میں "دی گاڈ فادر" میں 'کے ایڈمز' کا کردار ادا کر کے عالمی شہرت حاصل کی۔ اس فلم کو اکیڈمی ایوارڈ برائے بہترین فلم سے بھی نوازا گیا۔ انہوں نے یہ کردار گاڈ فادر پارٹ II اور پارٹ III میں بھی نبھایا۔
ووڈی ایلن کے ساتھ ان کی پیشہ ورانہ شراکت داری بھی ان کے کیریئر کا اہم حصہ رہی۔ دونوں نے ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کیا، جن میں "پلے اِٹ اگین، سیم"، "سلیپر" اور "لوو اینڈ ڈیتھ" شامل ہیں۔ 1977 میں فلم "اینی ہال" میں ان کی جاندار پرفارمنس نے انہیں آسکر ایوارڈ برائے بہترین اداکارہ کا حق دار بنایا۔
بعد ازاں انہوں نے "لکنگ فار مسٹر گڈبار"، "ریڈز"، "شوٹ دی مون" اور "دی لٹل ڈرمر گرل" جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
ہدایت کارہ نینسی مائرز کے ساتھ ان کی فلمیں "بیبی بوم"، "فادر آف دی برائیڈ"، "فادر آف دی برائیڈ پارٹ II" اور "سمتھنگز گاٹا گیو" بھی بے حد مقبول ہوئیں۔ آخری فلم کے لیے انہیں ایک بار پھر آسکر نامزدگی ملی۔ڈیان کیٹن کا شمار ہالی وڈ کی ان چند اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی الگ پہچان اور اثر چھوڑا۔