ویب ڈیسک: اٹلی کے شہر تورین میں ٹینس چیمپیئن شپ (اے ٹی پی) فائنلز کے دوران دو تماشائیوں کی اچانک موت واقع ہو گئی۔
روئٹرز کے مطابق، تورین کے اینالپی ایرینا میں منعقدہ اے ٹی پی فائنلز کے دوسرے دن دو شائقین دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گئے۔ اٹالین ٹینس فیڈریشن اور اے ٹی پی نے منگل کے روز ان واقعات کی تصدیق کی۔ مرنے والوں کی عمریں 70 اور 78 سال تھیں، اور دونوں واقعات پیر کے روز مختلف اوقات میں پیش آئے۔
پہلا واقعہ صبح کے وقت پیش آیا جب 70 سالہ شخص کی طبیعت خراب ہو گئی اور وہ فائنل ٹورنامنٹ کے کمپلیکس کے قریب شائقین کے ایریا میں گر گئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن اسپتال پہنچنے سے قبل ہی ان کا انتقال ہو گیا۔
چند گھنٹوں بعد، امریکی کھلاڑی ٹیلر فریٹز اور اطالوی کھلاڑی لورنزو موسیتی کے درمیان میچ جاری تھا کہ 78 سالہ تماشائی اچانک بے ہوش ہو گیا۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا مگر چند لمحوں بعد اس کا بھی انتقال ہو گیا۔ دونوں افراد کی موت دل کے دورے سے ہوئی۔
اٹالین ٹینس اینڈ پیڈل فیڈریشن اور اے ٹی پی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ وہ ان المناک واقعات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ طبی عملے نے فوراً ردعمل دیا اور ہر ممکن مدد فراہم کی، تاہم بدقسمتی سے دونوں افراد جاں بر نہ ہو سکے۔
یاد رہے کہ تورین میں جاری اے ٹی پی فائنلز میں سیزن کے بہترین 8 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جس میں مقامی اسٹار یانک سینر اور ہسپانوی کھلاڑی کارلوس الکاراز عالمی رینکنگ میں نمبر 1 کا عہدہ حاصل کرنے کے لیے مقابلہ کر رہے ہیں۔