علی ساہی:لاہور میں پولیس، سی سی ڈی اور سیف سٹی کے سمارٹ پولیسنگ نظام کی بدولت شہر میں جرائم کی شرح میں حیران کن کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ڈکیتی، چوری، سنیچنگ اور دیگر پراپرٹی جرائم میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سیف سٹی کے مؤثر نظام کی وجہ سے جرائم کی شرح میں 74 فیصد تک کمی نوٹ کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2025 میں شہر میں 4,272 جرائم کے کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ فروری 2026 میں یہ تعداد کم ہو کر 1,108 رہ گئی۔ مارچ 2025 میں جرائم کی تعداد 4,522 تھی، جو دسمبر 2025 تک بتدریج کم ہو کر 1,264 تک پہنچ گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ سیف سٹی میں ڈیٹا اینالیٹکس اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال سے پولیسنگ کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ کیمروں اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے مجرمان کی بروقت نشاندہی اور گرفتاری ممکن ہو رہی ہے، جس سے شہریوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے میں مدد ملی ہے۔
یہ اقدامات شہر میں سکیورٹی کو مضبوط کرنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔