شاہین عتیق:لاہور کی عدالت میں جوا ایپ کیس سے متعلق سماعت کے دوران معروف یوٹیوبر رجب بٹ، ندیم نانی والا اور زرق کی عبوری ضمانتوں میں 17 مارچ تک توسیع کر دی گئی۔
سماعت کے دوران رجب بٹ کی درخواستِ ضمانت پر ان کے وکیل رانا معروف نے اپنے جزوی دلائل مکمل کیے۔ وکیلِ صفائی کا مؤقف تھا کہ جوا ایپ کیس میں رجب بٹ پر کوئی ٹھوس الزام موجود نہیں اور یہ محض ایک کہانی بنا کر مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ رجب بٹ اور دیگر یوٹیوبرز تفتیش میں شامل ہو چکے ہیں اور اپنے موبائل فون بھی حکام کے حوالے کر چکے ہیں, ملزمان سے کوئی غیر قانونی چیز برآمد نہیں ہوئی اور نہ ہی انہوں نے حکومت کو کسی قسم کا نقصان پہنچایا ہے۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ رجب بٹ اور دیگر ملزمان کی ضمانت کنفرم کی جائے۔
دوسری جانب عدالت میں موجود پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ندیم نانی والا کا نام ایف آئی آر میں شامل نہیں ہے اور نہ ہی انہیں کوئی نوٹس جاری کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے خود ہی درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے۔
پراسیکیوٹر کے مطابق رجب بٹ کا موبائل فون فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے اور اس کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد رجب بٹ، ندیم نانی والا اور زرک یوٹیوبر کی عبوری ضمانت میں 17 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر مزید دلائل طلب کر لیے۔