سعید احمد:وفاقی حکومت کے آئندہ بجٹ کے اعلان سے قبل شہر کی تاجر برادری نے اپنی توجہ بجٹ پالیسیوں پر مرکوز کر دی ہے۔
تاجر تنظیموں نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ نئے ٹیکسز کے نفاذ سے گریز کیا جائے کیونکہ موجودہ معاشی حالات میں ملکی تجارت مزید بوجھ برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔
تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کاروباری سرگرمیاں پہلے ہی مہنگائی، پیداواری لاگت میں اضافے اور معاشی دباؤ کا شکار ہیں، ایسے میں اضافی ٹیکسز کاروبار کیلئے مزید مشکلات پیدا کریں گے۔
تاجر رہنما جنرل سیکرٹری احمد بخاری نے کہا کہ ملکی تجارت مزید نئے ٹیکسز کی متحمل نہیں ہو سکتی، حکومت کو چاہیے کہ ٹیکسز بڑھانے سے قبل کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کرے۔
تاجر برادری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں کاروبار دوست پالیسیاں اپنائی جائیں تاکہ معیشت کو استحکام اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔