علی ساہی: ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے محرم الحرام کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے جامع ٹریفک پلان تشکیل دینے کی ہدایت کردی ہے۔
مراسلے میں تمام اضلاع کو ہدایت کی گئی ہے کہ محرم الحرام کے جلوسوں، مجالس اور امام بارگاہوں کے اطراف ٹریفک انتظامات ضلعی پولیس کے تعاون سے ترتیب دیے جائیں جبکہ ضلعی سکیورٹی پلان میں ٹریفک پلان کو بھی شامل کیا جائے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر خصوصی ٹریفک ڈیوٹیاں لگائی جائیں، روٹس کلیئر کروائے جائیں اور متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی کو موثر بنایا جائے۔
مراسلے کے مطابق بغیر نمبر پلیٹ اور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف خصوصی چیکنگ مہم چلائی جائے گی جبکہ جیپوں، ایمبولینسز، کاروں، موٹر سائیکلوں سمیت مشکوک افراد کی نگرانی بھی کی جائے گی۔
ہدایت کی گئی ہے کہ محرم الحرام کے دوران زیادہ سے زیادہ ٹریفک نفری فیلڈ میں تعینات کی جائے، دفتری عملے کو بھی ضرورت کے مطابق فیلڈ ڈیوٹی پر لگایا جائے جبکہ تمام سپروائزری افسران فیلڈ میں متحرک رہ کر اہلکاروں کی حاضری یقینی بنائیں۔
ٹریفک پولیس کو کہا گیا ہے کہ جلوسوں اور مجالس کے ڈائیورشن پلان سے شہریوں کو آگاہ کیا جائے، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے ٹریفک اپڈیٹس فراہم کی جائیں جبکہ امام بارگاہوں، جلوسوں اور مجالس کے قریب معلوماتی بینرز بھی آویزاں کیے جائیں۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ مجالس، امام بارگاہوں اور جلوسوں کیلئے مناسب پارکنگ انتظامات کیے جائیں، پارکنگ مقامات ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مشاورت سے مقرر کیے جائیں۔
محرم الحرام کے دوران خصوصی ٹریفک کنٹرول رومز اور شکایتی مراکز قائم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جبکہ ٹریفک انتظامات اور صورتحال سے متعلق اپڈیٹس باقاعدگی سے ٹریفک ہیڈکوارٹرز پنجاب کو بھجوانے کا کہا گیا ہے۔