سٹی42: ہزاروں شہریوں کے غیر رجسٹرڈ موبائل فون بند ہوگئے، شہری موبائل فون رجسٹرڈ کرانے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے دفتر پہنچ گئے۔ پی ٹی اے کے دفتر میں بے پناہ رش، عملے کے ناروا سلوک سے نالاں شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔
تصیلات کے مطابق شہریوں کے ہزاروں غیر رجسٹرڈ موبائل فون بند ہوگئے، موبائل فونز کی بندش سے پریشان سینکڑوں شہری پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے آفس پہنچ گئے، پی ٹی اے کے دفتر میں شدید رش، دھکم پیل اور عملے کے ناروا سلوک سے شہری نالاں ہوگئے۔
شہریوں کا سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو میں کہنا تھا کہ موبائل فونزکی بندش سےشدید پریشانی لاحق ہوئی ہے، آن لائن موبائل فون رجسٹرڈ نہ ہونے سے پریشانی دگنا ہوگئی ہے، شہریوں کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے آنیوالے فونز بھی آن لائن رجسٹرڈ نہیں ہوپا رہے۔
شہریوں نے پی ٹی اے سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن موبائل فونز کی رجسٹریشن کا عمل بحال کیا جائے اور عملے کو دفتر میں آنیوالے شہریوں کیساتھ شائستہ انداز میں پیش آنے کی ہدایت کی جائے۔