رائو دلشاد:صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے زیر تعمیر آر ایم کے روڈ کا دورہ کرکے منصوبے پر جاری تعمیراتی کام اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے روڈ کے 31 کلومیٹر سے زائد حصے کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ لی۔
دورے کے دوران سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) راجہ جہانگیر انور، چیف انجینئر، ایکسین اور دیگر متعلقہ افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آر ایم کے روڈ منصوبے کا مجموعی طور پر 60 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔
صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کو اگست تک ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد جدید سفری سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایم کے روڈ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مری ڈویلپمنٹ پلان کا ایک اہم منصوبہ ہے، جس کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے منصوبے پر کام کرنے والی ہائی ویز ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کام کی رفتار برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ معیار کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبہ پائیدار اور بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل ہو۔