احمد منصور: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مظفر آباد کا دورہ کیا جہاں اُن کی آزاد جموں و کشمیر کی سول سوسائٹی کے ساتھ ایک خصوصی نشست منعقد ہوئی۔ اس موقع پر کشمیری عوام نے پاکستان سے اپنی غیرمتزلزل وابستگی کا بھرپور اظہار کیا۔
نشست کے دوران شرکاء اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے درمیان ایک جامع سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں قومی سلامتی، کشمیر کاز اور عوامی جذبات سے جڑے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ پاکستان اور کشمیر کو دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔
کشمیری عوام نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کے منہ توڑ جواب کو سراہتے ہوئے فوجی قیادت اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے لہرا کر بھرپور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
تقریب کے اختتام پر کشمیری عوام نے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کو روایتی کشمیری لباس پیش کیا، جو پاک فوج اور کشمیری عوام کے درمیان مضبوط رشتے کی علامت ہے۔تقریب کے دوران بارہا "کشمیر بنے گا پاکستان" کے نعرے گونجتے رہے۔