شاہد سپرا:لاہور اور گردونواح میں موسم سرما کے دوران بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی شدت بڑھ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو کے 6 سے 7 گرڈ اسٹیشنز کو بیک وقت بند کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 4گھنٹے تک پہنچ گیا۔
این پی سی سی (نیشنل پاور کنٹرول سینٹر) کی جانب سے ہر 4 سے 5 گھنٹے بعد لیسکو کے مختلف گرڈز کو بند کیا جانے لگا ہے، اور گرڈ اسٹیشنز پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مکمل کنٹرول این پی سی سی کے پاس ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو کے سسٹم پر 800 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے، جبکہ طلب میں اضافہ کے باعث بجلی کی ضرورت 1850 میگاواٹ تک ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ قومی سطح پر بجلی کی پیداوار میں کمی کے سبب غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عمول بن گئی ہے، جس سے شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔
نیشنل پاور کنٹرول سینٹر ڈیمانڈ اور سپلائی کو مدنظر رکھتے ہوئے لوڈشیڈنگ کر رہا ہے، تاہم شہری شدید سردیوں میں بجلی کی بندش کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔