جنید ریاض :پنجاب انیشیٹیو مینجمنٹ اتھارٹی (پیماء) کی مبینہ نااہلی کے باعث صوبے بھر کے 4300 لائسنسی سکولز شدید مالی بحران کا شکار ہو گئے ہیں، جہاں ہزاروں اساتذہ گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔
اساتذہ کے مطابق پیماء نے لائسنسی سکولوں کو صرف اکتوبر کی ادائیگیاں کیں جبکہ نومبر، دسمبر اور جنوری کی ادائیگیاں تاحال نہیں کی جا سکیں۔
معاوضوں کی عدم ادائیگی کے باعث لائسنسی سکولوں سے وابستہ تقریباً 20 ہزار اساتذہ اور سکول انتظامیہ کو سنگین مالی مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ہزاروں اساتذہ فاقہ کشی پر مجبور ہو چکے ہیں۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ ادائیگیوں میں تاخیر سے گھریلو اخراجات اور بچوں کی تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
اساتذہ کے مطابق پیماء کے ماتحت سکولوں میں تقریباً 6 لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں، تاہم مالی بحران کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب پیماء حکام کا کہنا ہے کہ فنڈز موصول ہوتے ہی لائسنسی سکولوں کو بقایا جات ادا کر دیے جائیں گے۔