ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

معیشت میں بہتری لا کر ایک بار پھر پاکستان سنوار رہے ہیں، نواز شریف

معیشت میں بہتری لا کر ایک بار پھر پاکستان سنوار رہے ہیں، نواز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ زوال کا رخ ترقی کی طرف موڑ دیا ہے، آئی ایم ایف نے بھی معاشی بحالی اور پاکستان کے ترقی کی طرف بڑھنے کا اعتراف کیا ہے۔  

سابق وزیراعظم نواز شریف نے ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ مریم نواز کے ساتھ  پنجاب اسمبلی ارکان سے ہونے والی ایک ملاقات کے دوران کیا۔ قائد مسلم لیگ کا کہنا ہے کہ معاشی اشاریوں کی بہتری پاکستان کی بہتری ہے، الحمدللہ، معیشت میں بہتری لا کر ایک بار پھر پاکستان سنوار رہے ہیں ۔ 

نواز شریف نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں 22 سے 12 فی صد کی کمی سے معاشی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں، معیشت کو فائدہ ہو رہا ہے، روپیہ مستحکم ہوا اور گروتھ بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج بلند ترین سطح پر ہے، مہنگائی کم ہو رہی ہے، بے ایمانی کے ساتھ آئے ہوئے شخص نے ملک کی بنیادیں ہلا دی تھیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پاکستان کی خاطر ہسنتے ہوئے قربانیاں دیں، آگے بھی دریغ نہیں کریں گے، شہباز شریف کی محنت رنگ لا رہی ہے، آئی ایم ایف نے بھی معاشی بحالی اور پاکستان کے ترقی کی طرف بڑھنے کا اعتراف کیا ہے، پنجاب کی رونقیں اور خوشیاں بحال ہو رہیں، اللہ نظر بد سےبچائے۔ نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں پاکستان سیاہ اندھیروں سے باہر آ رہا ہے، مسلم لیگ (ن) نے پھر ثابت کیا کہ ہم ہی ملک کی خدمت کرتے ہیں، عوام کو ریلیف دیتے ہیں۔ 

 ارکان اسمبلی نے اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ فخر ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف ہمارے قائد ہیں جنہوں نے زخم کھائے لیکن ہمیشہ سیاست پر ریاست کے مفادات کو ترجیح دی، نواز شریف پاکستان کی ترقی کی علامت اور ضمانت ہے، ملک کی خوشحالی اور عوام کی بحالی کی بات آتی ہے تو صرف نواز شریف کا نام آتا ہے، مریم نواز شریف جیسی مدبر اور محنتی وزیر اعلی کا ملنا، پنجاب اور ہماری خوش قسمت ہے، پہلی دفعہ سوئے  ہوئے محکموں کو بھی کام پر لگا دیا گیا ہے، مریم نواز شریف نے بطور وزیر اعلی نواز شریف اور شہباز شریف کی ترقی کی روایت کو ایک نئی مثال بنا دیا ہے، پاکستان اور پنجاب ترقی کر رہے ہیں، عوام کو تبدیلی نظر آ رہی ہے۔ ستھرا پنجاب سکیم پورے صوبے اور ہر ضلع میں صفائی کی مثال بن چکی ہے ۔ 

 ارکان اسمبلی نے وزیراعلی مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام خوش اور مطمئن ہیں،  قوم کی بیٹی مریم نواز شریف دن رات عوام اور پنجاب کی خدمت کر رہی ہے، ترقیاتی کاموں کا معیار اور رفتار لائق تحسین ہے، جن محکموں کو سال ہا سال کوئی پیسہ نہیں ملتا تھا، وہ بھی کام کر رہے ہیں ۔ مزید یہ کہا کہ جنگلات، جنگلی حیات کا فروغ اور تحفظ، ماحولیاتی بہتری، شرمپس فارمنگ کا آغاز، لائیو سٹاک کی ترقی انقلابی اقدامات ہیں، ستھرا پنجاب، کسان کارڈ، ٹریکٹر اورجدید زرعی مشینری، سکالرشپ پروگرام کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر و بحالی، 'دھی رانی پروگرام، بنیادی و دیہی مراکز اور صحت کے پورے نظام کی اپ گریڈیشن بڑے اقدامات ہیں ۔ 

وزیراعلی مریم نوازشریف اس موقع پر اظہار خیال میں کہا کہ عوام کی زندگی میں بہتری کا آنا ہی ہماری محنت کا صلہ ہے، الحمدللہ۔ انہوں نے بتایا کہ نواز شریف پاکستان کی ترقی کا برانڈ ہے، ہماری پہچان اور شناخت نواز شریف ہیں۔

 اجلاس میں عوامی فلاح کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت بھی ہوئی۔ پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناء اللہ، پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب اور راشد نصر اللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ننکانہ صاحب، شیخو پورہ، قصور، اوکاڑہ اور پاکپتن ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ اس کے علاوہ سلطان باجوہ، رانا محمد ارشد، کاشف پدھیار، آغا علی حیدر، محمد حسن ریاض، پیر اشرف رسول، رانا طاہر اقبال، چوہدری الیاس، نعیم صفدر انصاری، ملک احمد سعید، چوہدری احسن رضا خان، محمود انور، رانا سکندر حیات اور رانا اقبال خان بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔ 

جاوید علاؤالدین ساجد، سید محمد عاشق حسین شاہ، چوہدری افتخار حسین چاچڑ، نور الامین وٹو، علی عباس، یاور زمان، میاں محمد منیر، چوہدری غلام رضا ربیرہ، فاروق احمد خان مانیکا، چوہدری جاوید احمد، عمران اکرم، ڈاکٹر فرخ جاوید اور سردار منصب علی ڈوگر بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔