سٹی 42: معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل نے اپنے پیغام میں واضح کیا ہے کہ انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے سرکاری ملازمین کے حالیہ احتجاج پر وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا طارق جمیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے نام سے منسوب اس جعلی بیان کا سکرین شاٹ شیئر کیا ہے جو کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تھا۔ مولانا طارق جمیل نے اس بیان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میرا اس بیان سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جعلی خبر ہے۔ میرے درست بیانات کے لیے میرے تصدیق شدہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ جڑے رہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اللّہ تعالیٰ ہمیں جھوٹی خبریں پھیلانے سے بچائے۔
I have nothing to do with this statement. This is fake news. For authentic news about me, stay connected to verified platforms. May Allah preserve us from spreading false news. pic.twitter.com/5v2WqSuZsf
— Tariq Jamil (@TariqJamilOFCL) February 11, 2021
واضح رہے مولانا طارق جمیل کے نام سے جعلی اکاؤنٹ پر ایک پیغام شیئر کیا گیا جس میں مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ بنائیں گے، لیکن افسوس آج اس نے جس طرح سرکاری ملازمین پر ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں یہ بہت ظلم ہے۔ میں بائیس کروڑ عوام سے معافی مانگتا ہوں کہ میں نے عمران خان کے حق میں بیان دے کر عوام کو دھوکا دیا۔