(سٹی 42)شہر میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے،لوٹ مار، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم ، کار اور بائیک لفٹنگ کی وارداتیں دن بدن بڑھ رہی ہیں، اچھرہ میں بھی جیولر کو لوٹ لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے شہریوں کو لاکھوں کی نقدی،طلا ئی زیو رات سے محروم کردیا، سال 2020 میں موبائل فون،زیورت،موٹر سائیکل اورکار لفٹنگ اور چوری کی وارداتیں زور پکڑنے لگیں، سال کے پہلے ماہ میں سب سے زیادہ موٹرسائیکلیں چوری اور چھیننے کی یومیہ 90 وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
گزشتہ جنوری کے مقابلے میں 40 فیصد سے زائد ہیں، شہرمیں ڈاکو راج قائم ہوگیا ہے پولیس کی نام نہاد کارروائیوں جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کے دعوؤں کے باوجود شہر میں جرائم کی شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، ڈکیتی ، چوری کی وارداتوں میں اضافہ سےلوگ پریشان ہیں۔
اچھرہ میں بھی خاتون نے ہاتھوں کی صفائی دکھاتے ہوئے جیولر کی دکان سے سونے کی چین چرالی، خاتون 13 گرام کی چین لے گئی اور 3 گرام کی دکان پر چھوڑ گئی،سی سی ٹی وی کیمروں سے خاتون کی چوری کے مناظر محفوظ کرلیے،متاثرہ دکاندار نے چوری کی اطلاع پولیس کو کردی، تاحال خاتون چور کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔
ذرائع کا کہناتھا کہ شہرمیں خواتین چور سرگرم ہیں،گزشتہ روز گجر پورہ کےعلاقے میں دو خواتین بک شاپ سےلیپ ٹاپ لیکر فرار ہوگئیں تھیں،واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پرآگئی، پولیس ذرائع کا کہناتھا کہ شہر میں بہت سے ایسے خواتین گینگ سرگرم ہیں، شہری ان سے بچ کر رہیں کسی قسم کی مشکوک کالز یا افراد کے فراڈ سے محفوظ رہیں یا فوراً 15 پر کال کرکے ایسی خواتین کے بارے اطلاع دیں۔