(ویب ڈیسک)ہنڈائی نشات موٹر (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکس پالیسی میں تبدیلی کے بعد اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے،نئی ایکس فیکٹری قیمتوں کا اطلاق 12 اگست 2026 سے ہوگا۔
کمپنی نے 11 اگست کو ڈیلرز کو جاری کیے گئے نوٹس میں کہا کہ قیمتوں میں نظرثانی وفاقی بجٹ 2026-27 کے تحت متعارف کرائی گئی ٹیکس تبدیلیوں، بالخصوص متعلقہ گاڑیوں پر سیلز ٹیکس 25 فیصد کیے جانے، کے باعث کی گئی ہے، کمپنی کے مطابق یہ اضافہ ہنڈائی نشات موٹرز کی جانب سے کیا گیا قیمتوں میں اضافہ نہیں بلکہ حکومتی ٹیکس پالیسی کا نتیجہ ہے۔
ہنڈائی گاڑیوں کی نئی قیمتیں
نئی قیمتوں کے تحت ہنڈائی ایلانٹرا ہائبرڈ کی قیمت 98 لاکھ 95 ہزار روپے سے بڑھ کر 1 کروڑ 14 لاکھ روپے ہوگئی ہے، یعنی اس میں 15 لاکھ 5 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
ٹوسان ہائبرڈ اسمارٹ FWD کی عارضی ایکس فیکٹری قیمت 1 کروڑ 29 لاکھ 26 ہزار روپے جبکہ ٹوسان ہائبرڈ سگنیچر AWD کی قیمت 1 کروڑ 41 لاکھ 1 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح سانتا فے ہائبرڈ اسمارٹ FWD کی نئی قیمت 1 کروڑ 45 لاکھ 74 ہزار روپے جبکہ سانتا فے ہائبرڈ سگنیچر AWD کی عارضی ایکس فیکٹری قیمت 1 کروڑ 61 لاکھ 23 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
آزادی پروموشنل آفر
قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہنڈائی نشات موٹرز نے منتخب ماڈلز کے لیے محدود مدت کی آزادی پروموشنل آفر بھی متعارف کرائی ہے جو 31 اگست 2026 تک جاری رہے گی۔
آفر کے تحت ایلانٹرا ہائبرڈ 1 کروڑ 7 لاکھ 61 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی جس پر صارفین کو 6 لاکھ 39 ہزار روپے کی بچت ہوگی۔
ٹوسان ہائبرڈ اسمارٹ FWD کی پروموشنل قیمت 1 کروڑ 22 لاکھ 2 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جس سے 7 لاکھ 24 ہزار روپے کی بچت ہوگی، جبکہ ٹوسان ہائبرڈ سگنیچر AWD 1 کروڑ 33 لاکھ روپے میں دستیاب ہوگی اور صارفین کو 8 لاکھ 1 ہزار روپے کی بچت ہوگی۔
سانتا فے ہائبرڈ اسمارٹ FWD کی آفر قیمت 1 کروڑ 32 لاکھ 58 ہزار روپے ہے، جس پر 13 لاکھ 16 ہزار روپے کی بچت ہوگی، دوسری جانب سانتا فے ہائبرڈ سگنیچر AWD 1 کروڑ 47 لاکھ 20 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی، جس سے صارفین کو 14 لاکھ 3 ہزار روپے کی بچت حاصل ہوگی۔
کمپنی کے مطابق خصوصی آفر کی مدت ختم ہونے کے بعد مذکورہ پروموشنل قیمتیں دستیاب نہیں ہوں گی۔