راؤ دلشاد: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے الحمراء میں منعقدہ سمر کیمپ کی نمائش کا افتتاح کردیا۔ نمائش میں سمر کیمپ کے دوران نوجوان فنکاروں کی جانب سے تیار کیے گئے فن پارے پیش کیے گئے۔
نمائش میں 40 نوجوان آرٹسٹوں کے 85 فن پارے شامل تھے، جن میں ڈرائنگ، پینٹنگ سمیت مختلف میڈیمز میں تخلیق کیے گئے فن پارے پیش کیے گئے۔ نوجوان فنکاروں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور فنکارانہ وژن کا بھرپور اظہار کیا۔
نوجوان فنکاروں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ایک خوبصورت پورٹریٹ بھی تیار کیا، جسے نمائش میں خصوصی طور پر پیش کیا گیا۔
اس موقع پر عظمیٰ بخاری نے نوجوان آرٹسٹوں سے ملاقات کی، ان کے فن پارے دیکھے اور ان کے کام کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف میڈیمز میں نوجوان آرٹسٹوں کا کام انتہائی متاثر کن ہے، جبکہ ان کی تخلیقی صلاحیتیں اور فنکارانہ وژن قابلِ تحسین ہیں۔
وزیر اطلاعات نے سمر کیمپ کے کلاس ٹیچرز عثمان خالد اور فاطمہ خان سے بھی ملاقات کی اور نوجوانوں کی تربیت و رہنمائی پر انہیں شاباش دی۔
عظمیٰ بخاری نے سمر کیمپ کے شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
تقریب میں سیکرٹری اطلاعات سید طاہر رضا ہمدانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراء محمد نواز گوندل سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔