سٹی42: اڈیالہ جیل میں دو سال سے قید پی ٹی آئی کے بانی کی صحت کے بارے میں اہم خبر سامنے آئی ہے۔
عدالتِ عالیہ کے حکم پر پی ٹی آئی کے اڈیالہ جیل مین قید کی سزا کاٹ رہے بانی کا طبہ معائنہ کیا گیا ہے۔ طبی معائنے کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کی جائے گی۔ تاہم اس رپورٹ کے مندرجات لیک ہو کر میڈیا تک آ گئے ہیں۔
: جیل ذرائع نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کا جیل میں طبی معائنہ کیا گیا۔ اسلام آباد کے سب سے بڑے اور مستند سرکاری ہسپتال "پمز" (PIMS) کے ڈاکٹرزکی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے کانوں اور دانتوں کا چیک اپ بھی کیا۔
جیل کے ذمہ دار ذرائع نے بتایاکہ بانی پی ٹی آئی کے کانوں اور دانتوں کی صفائی کی گئی اور ڈاکٹرز نے انہیں مکمل صحت یاب قراردیا۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے بانی پی ٹی آئی کو کچھ ٹیسٹ بھی تجویزکیے جبکہ بانی پی ٹی آئی نے دانتوں کے چیک اپ کیلئے اپنے معالج ڈاکٹرعاصم کوبلانے کی درخواست کی۔
جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی جائے گی، اس رپورٹ کو دیکھ کر عدالت نے ضروری سمجھا تو کوئی مزید حکم جاری کرے گی۔