کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین تیار،آج لانچ کی جائے گی

کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین تیار،آج لانچ کی جائے گی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرلی گئی ہے جس کا باقاعدہ اعلان آج کیا جائے گا،یہ دعویٰ  روس کے طبی ماہرین،سائنسدانوں نے کیا ہے،روسی صدر اس کا اعلان کریں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا ویکسین ماسکو کی گامالیا انسٹی ٹیوٹ اور روسی وزرات دفاع کے اشتراک سے بنائی گئی ہے جس کے تینوں تجرباتی مراحل مکمل کر لیے گئے ہیں۔ روسی نائب وزیر صحت کا کہنا ہے کہ کہ تیار کردہ کورونا ویکسین کے انسانوں پر تینوں کلینیکل ٹرائلز کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیے گئے ہیں اور اب اسے کل مارکیٹ میں پیش کردیا جائے گا۔روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے بتایاکہ روس کی ویکسین منظور شدہ ہے اور اس کے نتائج انتہائی حوصلہ افزا ہیں، اس سے کورونا کےخلاف قوت مدافعت بڑھےگی۔


دوسری جانب فلپائن کے صدر رودریگو نے روس کی کورونا وائرس کے علاج کے لیے بنائی گئی ویکسین خریدنے کی آفر بھی قبول کر لی ہے، فلپائن کے صدر کا کہنا ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر پوری عوام کے سامنے ویکسین کا استعمال سب سے پہلے خود کریں گے۔

جبکہ امریکا کے وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کورونا کےلیے روسی ویکسین کے محفوظ اور مؤثر ہونے پر شکوک و شبہات کا اظہا رکردیا۔اس حوالے سے اپنے ایک انٹرویو میں امریکی سائنسدان ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہاکہ ویکسین ہونا او راس کا محفوظ اور مؤثر ہونا، 2مختلف باتیں ہیں اور روسی ویکسین کے کیس میں انہوں نے ایسی کوئی شہادت یا ثبوت نہیں سنی جن سے انہیں لگے کہ یہ مؤثر اور محفوظ ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ روس نے اپنی ویکسین کے مؤثر اور محفوظ ہونے کے تجربات کیے ہوں گے مگر انہیں اس پر شکوک و شبہات ہیں۔

 عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہےکہ کسی بھی ویکسین کے مؤثر ہونے اور افادیت جاننے کے لیے ڈیٹا کا ٹھوس جائزہ لینا ضروری ہے، اس سلسلے میں عالمی ادارہ روس سے قریبی رابطے میں ہے اور ویکسین کی جانچ سے متعلق بات چیت جاری ہے۔ ہر ملک میں باقاعدہ قومی ایجنسیاں ہیں جو ویکسین یا دواؤں کے استعمال کی منظوری دیتی ہیں۔ 


ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او نے ویکیسن اور ادویات کی منظوری کا ایک عمل طےکیاہے، ویکسین تیار کرنےوالاادارہ اس کی ڈبلیو ایچ او سے تصدیق کرواتا ہے جو معیارکی مہر ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ جلد بازی میں حفاظت پر سمجھوتہ نہیں کرےگا ۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer