طاہر جمیل: ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کروانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے، جس کے باعث شہر بھر میں اشیائے ضروریہ کی من مانی قیمتوں پر فروخت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق مارکیٹ میں دودھ، دہی، گوشت اور دیگر بنیادی اشیاء کئی گنا زائد نرخوں پر فروخت ہو رہی ہیں۔
بیف سرکاری قیمت 800 روپے فی کلو کے بجائے 1200 روپے، جبکہ مٹن 1600 روپے کے بجائے 2600 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح دودھ 170 روپے فی لیٹر کے سرکاری ریٹ کے برعکس 240 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ دہی 180 کے بجائے 250 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
شہر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بھی سرکاری نرخنامے سے تجاوز کر چکی ہیں، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث دکاندار کھلے عام منافع خوری کر رہے ہیں، جبکہ انتظامیہ اپنے ہی جاری کردہ نرخنامے پر عملدرآمد کروانے میں ناکام نظر آتی ہے۔