ویب ڈیسک: بھارتی موسیقی کی معروف اور سینئر گلوکارہ آشا بھوسلے کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر انہیں فوری طور پر ممبئی میں واقع بریف کینڈی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز انہیں سینے میں شدید تکلیف محسوس ہوئی، جس کے بعد فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق 92 سالہ گلوکارہ اس وقت ایمرجنسی میڈیکل سروسز یونٹ میں ڈاکٹروں کی کڑی نگرانی میں زیرِ علاج ہیں۔
ڈاکٹر پریت سامدانی نے ان کے داخلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آشا بھوسلے کو ایمرجنسی یونٹ میں رکھا گیا ہے، تاہم انہوں نے ان کی صحت سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ دوسری جانب اہل خانہ کی طرف سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ ہسپتال ذرائع ان کی حالت کو نازک قرار دے رہے ہیں۔
8 ستمبر 1933 کو پیدا ہونے والی آشا بھوسلے برصغیر کی سب سے بااثر اور ہمہ جہت پلے بیک سنگرز میں شمار ہوتی ہیں۔
انہوں نے ’کجرا محبت والا‘، ’رادھا کیسے نہ جلے‘ اور ’لے گئی‘ جیسے مقبول گانوں کو اپنی آواز دی اور دہائیوں تک بھارتی فلمی موسیقی پر راج کیا۔
ان کی علالت کی خبر سامنے آتے ہی شوبز شخصیات اور دنیا بھر میں موجود مداحوں نے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاؤں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ وہ لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کی چھوٹی بہن ہیں۔