رمضان میں کورونا پھیلنے کا خطرہ، کمشنر لاہور نے اہم ہدایت کردی

Corona in Pakistan
کیپشن: Corona Virus
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

در نایاب: رمضان بازاروں میں غیر ضروری رش، کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے 60 سال سے زائد اور 16 سال سے کم عمر کے افراد کو رمضان بازار آنے سے گریز کی درخواست کردی۔

تفصیلات کے مطابق کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد میں قوت مدافعت کم ہونے کی وجہ سے کورونا وائرس لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، 16 سال سے کم عمر بچوں کا والدین کے ساتھ آنا غیر ضروری رش کا سبب بن سکتا ہے۔ رمضان بازاروں میں بھی ہر گھر ایک فرد کے اصول کے تحت خریداری کی جائے۔

 انہوں نے کہا کہ رمضان بازار عوام کی سہولت کے لئے لگائے گئے ہیں، تاہم کورونا وائرس ایس او پیز کا خیال رکھنا لازم ہے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ اس وقت کورونا وائرس کی تیسری لہر شدت اختیار کرتی جا رہی ہے، روزانہ کئی قیمتی جانیں کورونا وائرس کی وجہ سے ضائع ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کیا تو کورونا وائرس مزید قیمتی جانیں لے سکتا ہے۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ نے پنجاب پولیس کو خط لکھا ہے کہ لاہور شہر سمیت صوبہ بھر کے رمضان بازاروں کی سکیورٹی کو چیک کریں۔ واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے صارفین کو چیک کریں۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ رمضان بازاروں میں کورنا ایس او پیز کا بھی مکمل خیال رکھا جائے۔ 

محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام رمضان بازاروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ داخلہ نے سپیشل برانچ کو بھی اس سلسلہ میں متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے۔