ویب ڈیسک:پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (PPDA) نے ملک بھر میں پیٹرولیم ڈیلرز کیلئے اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے متعلقہ قوانین اور حفاظتی ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں اوگرا، ایکسپلوز، سول ڈیفنس اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کے مقرر کردہ قواعد و ضوابط کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے۔
پی پی ڈی اے نے تمام ڈیلرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ریکارڈ اور ضروری دستاویزات کا دوبارہ جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ پیٹرول پمپس پر موجود آلات اور حفاظتی انتظامات بھی چیک کرلیں۔
ایڈوائزری کے مطابق مختلف سرکاری محکموں، ریگولیٹری اداروں اور مقامی حکام کی جانب سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس کے معائنے کیے جانے ہیں، اس لیے ڈیلرز کو تمام قانونی تقاضے مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ تمام پیٹرول پمپس پر اوگرا، ایکسپلوز، سول ڈیفنس اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کے قوانین کے مطابق آلات اور حفاظتی انتظامات موجود ہونے چاہئیں۔ ڈیلرز کو بالخصوص حفاظت اور سیکیورٹی کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ڈیلرز کے مفادات کے تحفظ کیلئے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں رہنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق معائنے اور دیگر متعلقہ معاملات کے حوالے سے حکام کے ساتھ رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔