گلبرگ (زین مدنی ) معروف اداکار بابر علی نے اپنے فلمی کیریئر کے زوال بارے انکشاف کیا ہے۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بابر علی نے بتایا کہ جب وہ اپنے کیریئر کے عروج پر تھے اس وقت ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران وہ 100 فٹ کی بلندی سے گرے جس سے ان کا پائوں ٹوٹ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جس فلم کی شوٹنگ کے دوران انہیں حادثہ پیش آیا نہ صرف اس فلم سے بلکہ تمام فلموں سے انہیں نکال دیا گیا، اس حادثے نے ان کے کریئر کو زوال کی جانب موڑدیا۔
بابر علی کا کہنا تھا کہ اس وقت وہ 60 سے زائد فلموں میں سائن تھے اور ان کے لیے کام کر رہے تھے، حادثے کے اگلے دن وہ تمام فلموں سے باہر نکالے جاچکے تھے۔ صرف یہی نہیں بلکہ پروڈیوسر پیسے کی واپسی کا بھی مطالبہ کیا، اس وقت وہ بہت روئے لیکن انہیں خدا کے بعد اپنی ماں باپ کی دعائوں کا آسرا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت سید نور اور خلیل الرحمان قمر نے ان کا بہت ساتھ دیا اور ایک پروجیکٹ لے کر آئے، اس میں انہیں ولن کا کردار ادا کرنا تھا، تھوڑے دن پہلے تک جن ہیروئنز کے وہ ہیرو تھے اور ان کے ساتھ گانے ریکارڈ کروا رہے تھے اب وہ ان کے ولن بنے کھڑے تھے۔