(سٹی42) ای چالان جمع نہ کروانے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن کی تیاریاں شروع ہیں، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ای چالان نادہندہ گاڑی مالکان کو ایس ایم ایس بھیجنے کا آغاز کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں بڑھتے ہوئے حادثات پر کنٹرول کرنے اور ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنیوالوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا گیا، ای چالان کے طریقہ کار میں ترمیم کی گئی، جرمانہ ہونے پرایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ریکارڈ میں موجود موبائل نمبر پر گاڑی مالک کو ایس ایم ایس بھیجا جائےگا، ابتدائی مرحلے میں 5یا 5سے زائد ای چالان نادہندہ گاڑی مالکان کو ایس ایم ایس بھیجے جارہے ہیں۔
ایس ایم ایس بھیجنے کا مقصد نادہندہ گاڑی مالکان کو ای چالان کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔ اگلے مرحلے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کوفوراای چالان کا ایس ایم ایس موصول ہوگا، سٹی ٹریفک پولیس ای چالان جمع نہ کروانے والوں کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کا کہناتھا کہ شہری اپنا ای چالان https://echallan.psca.gop.pk پر چیک کرسکتے ہیں۔
شہر ی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے باز نہیں آرہے کچھ امیرزادوں نے اس کو مذاق سمجھا رکھا اور دوسروں کےلئے نقصان کا باعث بن رہے ہیں، گزشتہ ماہ سب سے زیادہ ای چالان کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑی ٹریفک پولیس کے ہتھے چڑھی، پولیس کا کہناتھا کہ گاڑی نےشہر میں 160 مرتبہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی۔گاڑی مالک کے ذمہ 78 ہزار سے زائد کا جرمانہ عائد ہونے پر گاڑی تھانے میں بند کروا دی گئی۔ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مہم میں اب تک 15 ہزار سے زائد ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے کاغذات کو قبضہ میں لیا جا چکا ہے۔
علاوہ ازیں ٹریفک پولیس نے ٹیمیں تشکیل دیں ہیں، شہر میں 17 ٹیمیں ای چالان جمع نہ کرانے والوں کے خلاف کارروائیاں کررہی ہیں،کارروائی کے لئے وارڈنز بھی تعینات کرکئے گئے جوکہ مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، فیروزپور روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ میں کارروائیاں کررہے ہیں۔