ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور کی ہاؤسنگ سوسائٹیز کا سکیورٹی آڈٹ کرنے کا فیصلہ

لاہور کی ہاؤسنگ سوسائٹیز کا سکیورٹی آڈٹ کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عرفان ملک: لاہور کی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں سکیورٹی انتظامات کا جامع آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت تمام رہائشی علاقوں کی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں سکیورٹی انتظامات کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور آڈٹ رپورٹ مرتب کر کے متعلقہ حکام کو بھجوائی جائے۔

پولیس حکام کے مطابق جن ہاؤسنگ سوسائٹیز میں سکیورٹی انتظامات غیر تسلی بخش پائے گئے، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ہدایت نامے کے مطابق تمام سوسائٹیز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور مانیٹرنگ سسٹم کو مؤثر بنانے، جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر جدید سکیورٹی چیکنگ سسٹم نصب کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ تربیت یافتہ سکیورٹی گارڈز کی تعداد بڑھانے، گیٹیڈ کمیونٹی سسٹم کو فروغ دینے اور رہائشی علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت محدود کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام نے سکیورٹی کمپنیز اور ہاؤسنگ سوسائٹیز انتظامیہ کے درمیان کوآرڈینیشن مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا ہے، جبکہ تمام سوسائٹیز کو رہائشیوں کا مکمل ڈیٹا اور وزیٹر ریکارڈ محفوظ رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور سرویلنس سسٹمز کے استعمال سے جرائم کی روک تھام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔