( سٹی42)وزیر اعلی مریم نواز شریف نے سابق صوبائی وزیر ایوب خان گادھی کے ڈیرے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔
مریم نواز نے حملے میں چار افراد کے جاں بحق ہونے پر دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔
انہوں نے حملے میں جاں بحق افراد کے ورثا سے اظہار تعزیت کیا جبکہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔
علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے سابق صوبائی وزیر ایوب گادھی اور دیگر زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔
یاد رہے گذشتہ روز سابق صوبائی وزیر اور رکن پنجاب اسمبلی ایوب گادھی کے ڈیرے پر مخالفین نے اچانک اندھا دھند فائرنگ کی تھی ، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔
ذرائع کے مطابق ایوب گادھی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ان کے ڈیرے پر پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔
ابتدائی طبی امداد کے بعد ایوب گادھی کو نازک حالت کے پیش نظر لاہور منتقل کیا گیا، جہاں انہیں سروسز ہسپتال ریفر کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایوب گادھی کے جسم پر پانچ گولیاں لگیں، جس کے باعث ان کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے حملےکا نوٹس لے لیا جبکہ آر پی او فیصل آباد سے فوری رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
مزید برآں آئی جی پنجاب عبدالکریم نے بھی آر پی او فیصل آباد سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کو ہدایت جاری کی کہ حملے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔