عثمان خان: وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے مطابق سرکاری حج سکیم کے تحت اب تک 61 ہزار 147 پاکستانی عازمین حج کومکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ پہنچا دیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 19 ہزار سرکاری عازمین میں سے 51 فیصد سے زائد عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں جبکہ مزید تقریباً 58 ہزار عازمین کی سعودی عرب روانگی ابھی باقی ہے۔
حج آپریشن کے لیے مجموعی طور پر 468 پروازیں شیڈول کی گئی تھیں، جن میں سے اب تک 244 حج پروازیں آپریٹ کی جا چکی ہیں۔ ان میں جدہ کیلئے 103 جبکہ مدینہ منورہ کیلئے 141 پروازیں شامل ہیں۔
حکام کے مطابق حج آپریشن کی 52 فیصد سے زائد پروازیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ مزید 224 پروازیں ابھی باقی ہیں۔ 34 روزہ حج فلائٹ آپریشن کے اختتام میں تقریباً 10 روز رہ گئے ہیں اور پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی۔
اس وقت مکہ مکرمہ میں 56 ہزار 408 پاکستانی عازمین قیام پذیر ہیں جبکہ مدینہ منورہ سے اب تک 30 ہزار 477 پاکستانی عازمین کو مکہ مکرمہ منتقل کیا جا چکا ہے۔
پاکستانی حجاج کی سہولت اور رہنمائی کیلئے 1,288 معاونینِ حج بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب مدینہ منورہ میں 25 ہزار 782 پاکستانی عازمین کو ریاض الجنہ کی زیارت بھی کرائی جا چکی ہے۔
حج آپریشن میں پی آئی اے، ائیر بلیو، ایئر سیال اور سعودی ایئر لائنز حصہ لے رہی ہیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد سے 129، کراچی سے 124 اور لاہور سے 104 حج پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ کوئٹہ سے 18، ملتان سے 34، سیالکوٹ سے 26، فیصل آباد سے 23 جبکہ سکھر سے 5 حج پروازیں شیڈول کی گئی ہیں۔