ویب ڈیسک: کراچی میں عید سے قبل شہریوں کو مالی دھوکے سے بچانے کے لیے پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنسی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ خفیہ اطلاعات پر کی گئی اس کارروائی میں ایک منظم گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق الفلاح انویسٹیگیشن پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران جعلی نوٹ مارکیٹ میں پھیلانے والے نیٹ ورک کے 3 ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ کم قیمت پر جعلی کرنسی فروخت کر کے شہریوں کو دھوکا دینے میں ملوث تھا۔
ایس پی انویسٹیگیشن قیس خان کے مطابق ملزمان نے انکشاف کیا کہ 5 ہزار روپے کا جعلی نوٹ محض ایک ہزار روپے میں فروخت کیا جاتا تھا۔ مزید یہ کہ 30 ہزار روپے کے عوض ایک لاکھ روپے کی جعلی کرنسی فراہم کرنے کی ڈیل بھی کی جا رہی تھی۔
پولیس نے کارروائی کے دوران تقریباً 2 لاکھ روپے مالیت کی جعلی کرنسی برآمد کی، جو بظاہر انتہائی مہارت سے تیار کی گئی تھی۔ گرفتار ملزمان میں ساجد علی شاہانی، صدام حسین جتوئی اور کمیل حمزہ شامل ہیں، جو جعلی نوٹ اصلی ظاہر کر کے شہریوں کو مالی نقصان پہنچاتے رہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار افراد سے مزید اہم انکشافات کی توقع ہے جبکہ دو ملزمان کا ماضی میں بھی جرائم میں ملوث ہونے کا ریکارڈ سامنے آیا ہے۔ حکام نے اعلان کیا ہے کہ شہر میں جعلی کرنسی کے کاروبار کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاک کالونی میں گٹکا فیکٹری کی موجودگی نے پولیس کی کارکردگی پر سوالات بھی کھڑے کر دیے ہیں، جس پر مزید تحقیقات کی ضرورت ظاہر کی جا رہی ہے۔