راؤ دلشاد:پنجاب حکومت نے پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی تنظیم نو کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پنجاب حکومت نے پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے اور مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کے نظام کو مضبوط کرنے کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات کی تجویز تیار کر لی ہے۔
حکام کے مطابق محکمہ پرائس کنٹرول کے موجودہ ڈھانچے میں اصلاحات کی تجاویز پنجاب کابینہ کو ارسال کی گئی ہیں تاکہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف کارروائی کے لیے نئے انتظامی ڈھانچے کو نافذ کیا جا سکے۔ یہ اقدامات پرائس کنٹرول میکانزم کو جدید خطوط پر استوار کرنے، مختلف اداروں کے درمیان رابطہ اور کوآرڈینیشن بہتر بنانے اور مارکیٹ مانیٹرنگ و پرائس چیکنگ کے نظام کو مزید فعال بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے اور گرانفروشی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے پرائس کنٹرول نظام کی ازسرنو تشکیل ناگزیر ہے۔ اصلاحات کے نفاذ سے مارکیٹ میں شفافیت بڑھے گی اور قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنایا جا سکے گا۔